سعودی عرب نے حج کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ ایسے افراد کو سہولت فراہم کرنے، پناہ دینے یا مدد کرنے والوں کو ایک لاکھ ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات تک پہنچانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور ان پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گی، جو حج سیزن کا اہم ترین دورانیہ ہے۔
مزید برآں، غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی جائے گی۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حجاج کرام کی سلامتی، سہولت اور حج انتظامات کو مؤثر بنانا ہے تاکہ عبادت کا یہ عظیم فریضہ نظم و ضبط کے ساتھ ادا کیا جا سکے۔
